News Image

 کمانڈر اسپیشل سیکورٹی ڈویژن میجر جنرل عابد رفیق نے وفاقی وزیر احسن اقبال سے اسلام آباد میں اہم ملاقات کی۔ میجر جنرل عابد رفیق نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی کو پاک چین راہداری منصوبے میں شامل  منصوبوں پر سیکورٹی انتظامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ملاقات کے دوران  اقتصادی راہداری میں شامل کئے جانے والے نئے منصوبوں اور مستقبل میں سیکیورٹی کی ضروریات پر بھی بات چیت کی گئی۔ احسن اقبال نے اقتصادی راہداری منصوبوں پر موجود سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسپیشل سیکیورٹی ڈویژن کے کردار کو سراہا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سول اور فوجی اداروں کے درمیان کوششوں کا مربوط ہونا اور باہمی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس حوالے سے ایس ایس ڈی کا کردار نہایت اہم ہے. احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ ایس ایس ڈی کے تجربے اور مہارت سے نہ صرف پاک چین اقتصادی راہداری پر مامور چینی اہل کاروں اور کمپنیوں کی سیکورٹی کو یقینی بنایا جائے گا بلکہ اس سے راہداری پر تعینات کئے گئے دیگر اداروں کو بھی اپنی صلاحیت بہتر کرنے کے مواقع میسر آئینگے۔ اس موقع پر ایس ایس ڈی کے کمانڈر عابد رفیق کا کہنا تھا کہ ایس ایس ڈی اقتصادی راہداری کی کامیابی کے لئے فُول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کو یقینی بنانے کے لئے پر عزم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ  ہر سطح پر مربوط سیکورٹی اقدامات اور معلومات کا بروقت تبادلہ یقینی بنانے کے لئے موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔